پیر، 21 اکتوبر، 2013


اسلام آباد: ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو چیئرمین پی سی بی کے لئے 2 نومبر کو انتخابات کرانے کا حکم دیتے ہوئے آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران پی سی بی کے وکیل نے عدالت میں الیکٹورل لسٹ پیش کی اور موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی سی بی میں انتخابات کرانا ان کا مینڈیٹ نہیں جس پر جسٹس شوکت عزیز نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن نے کیسے کہا کہ پی سی بی کے انتخابات کرانا اس کے مینڈیٹ میں نہیں، اگر یہ اس کا مینڈیٹ نہیں تو پھر الیکشن کمیشن نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات کس حیثیت کے تحت کرائے۔
جسٹس شوکت عزیز کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق 18 اکتوبر کے بعد نجم سیٹھی نگران چیرمین پی سی بی نہیں رہے جس پر پی سی بی کے وکیل نے کہا کہ وزیر اعظم نے پی سی بی کے امور چلانے کے لئے عبوری کمیٹی قائم کردی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 2 نومبر کو پی سی بی کی عبوری کمیٹی بھی ختم ہوجائے گی، اس لئے پی سی بی الیکٹورل لسٹ کی الیکشن کمیشن کو فراہم کرے، بورڈ کا الیکٹرول کالج اتنا بڑا نہیں صرف 111 ووٹر ہی ہیں، اس لیے یہ بات یقینی بنائی جائے کہ تمام ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ الیکشن کمیشن چیئرمین پی سی بی کے انتخابی شیڈول کا آج ہی اعلان کرے اگر آج الیکشن کمیشن نہ پیش ہوتا تو رجسٹرار ہائیکورٹ کی نگرانی میں انتخابات کروا دیتے۔
جسٹس شوکت عزیز نے پی سی بی کے وکیل سے استفسار کیا کہ زمباوے سے میچ ہارے ہیں تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے، جنوبی افریقا سے جیتنے پر ایسی بات کیوں نہیں کی گئی، اگر کوئی دانشور اپنے آپ کو پی سی بی کا چیئرمین سمجھتا ہے تو سمجھتا پھرے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا،اگر ان کے پاس چڑیا ہے تو ہمارے پاس بھی لیگل شاہین ہے۔ ان کو بات کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے، چیئرمین ہی عدالت کا مذاق اڑائے گا تو عام آدمی سے کیا توقع کی جاسکتی ہے، جسٹس شوکت صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین ایک میڈیا گروپ کا ملازم ہے، کرکٹ میچوں کے رائٹس ایک میڈیا گروپ کو کیسے دے دیئے، پی سی بی کے وکیل نے جواب میں کہا کہ نجم سیٹھی میڈیا گروپ کے ملازم نہیں جس پر جسٹس شوکت صدیقی کا کہنا تھا کہ اگر وہ میڈیا گروپ کے ملازم نہیں تو کیا خیرات میں شو کرتے ہیں، ایک دفعہ انتخابات کرائیں تاکہ ہمارے ہاتھ کھل جائیں اور کسی کا سر نہ کھلے۔
اس موقع پر عدالت نے انتخابات کے لیے مزید وقت دینے کی الیکشن کمیشن کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن چیرمین پی سی بی کے الیکشن شیڈول کا آج ہی اعلان کرے، عدالت نے  قائم مقام چیئرمین پی سی بی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست بھی نمٹا دی۔

0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔